مندرجات کا رخ کریں

ابن شہاب زہری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
ابن شہاب زہری

معلومات شخصیت
پیدائش سنہ 678ء   ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مدینہ منورہ   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات 24 جولا‎ئی 742ء (63–64 سال)  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مدینہ منورہ   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت سلطنت امویہ   ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
والد مسلم بن شہاب   ویکی ڈیٹا پر (P22) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
بہن/بھائی
عملی زندگی
استاد انس بن مالک ،  محمد بن یحییٰ بن حبان ،  رجاء بن حيٰوة   ویکی ڈیٹا پر (P1066) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
نمایاں شاگرد عبد الرحمٰن اوزاعی ،  مالک بن انس   ویکی ڈیٹا پر (P802) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ محدث ،  مورخ ،  الٰہیات دان   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شعبۂ عمل علم حدیث   ویکی ڈیٹا پر (P101) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

ابن شہاب الزہری (پیدائش: 678ء – وفات: 24 جولائی 742ء) ساتویں صدی کے مسلم راوی ہیں جنھوں نے سیرت نبوی کے روایتی مواد کو محفوظ کرنے کے لیے جمع کیا۔

نام و نسب

[ترمیم]

آپ کا نام محمد بن مسلم، کنیت ابو بکر اور لقب اعلم الحفاظ ہے۔ پورا نسب یوں ہے : ابو بکر محمد بن مسلم بن عبید اللہ بن عبد اللہ بن شہاب بن عبد اللہ بن حارث بن زھرہ بن کلاب الزھری[1] آپ کے والد کا نام مسلم تھا مگر آپ اپنے دادا شہاب بن حارث کی نسبت سے ابن شہاب مشہور ہوئے۔ آپ قریش کے مشہور قبیلہ بنو زہرہ کی طرف منسوب ہوئے ہیں۔ مدینہ کے رہنے والے ہیں۔ 50ھ میں پیدا ہوئے ۔[2]عبد اللہ بن شہاب عمائدین قریش میں سے تھے [3] ان کی نسل میں محمد بن مسلم پیدا ہوئے،جن کے دینی خدمات کو اسلامی تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی، وہ ان چند ائمہ اسلام میں سے ایک ہیں،جن کی ذات سے اسلام کے مذہبی علوم میں زندگی پیدا ہوئی اور اس کی روشنی سے ساری دنیائے اسلام منور ہوئی۔

حصول علم کی استعداد

[ترمیم]

علمی کمالات کے اعتبار سے آپ کا کوئی معاصر ہم پایہ نہ تھا۔ حصول علم کی استعداد فطری تھی۔ ذہانت، ذکاوت اور قوت حافظہ بے نظیر پائی تھی۔ ذہین ایسے تھے کہ کسی مسئلہ کو دوبارہ سمجھنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ حافظہ اتنا قوی تھا کہ ایک مرتبہ جو بات سن لی وہ ہمیشہ کے لیے لوحِ دل پر نقش ہو گئی۔ ان کے قوت حافظہ کی ایک ادنیٰ مثال یہ ہے کہ اسی دن میں پورا کلام اللہ حفظ کر لیا تھا ۔[4]ساری عمر میں صرف ایک مرتبہ ایک حدیث میں کچھ شبہ پیدا ہوا تھا،لیکن پوچھنے کے بعد معلوم ہوا جس طریقہ سے ان کو یاد تھی ویسی ہی تھی۔ [5]

ذوق و طلب

[ترمیم]

اس ذہن اور حافظہ کے ساتھ ان کے ذوق اور طلب کی جستجو کا بھی یہی حال تھا۔علم وفن کا کوئی خرمن ایسا نہ تھا جس سے انھوں نے خوشہ چینی نہ کی ہو۔ آٹھ سال تک امام مدینہ سعید بن مسیب کی خدمت میں رہے۔ ، اس عہد کا مدینہ وہ تھا جس کی گلی گلی علم وفن کا مرکز تھی یہاں کے تمام زن ومرد اوربوڑھے بچے ایک علمی درس گاہ تھے، ابن شہاب گھر گھر آکر سب سے استفادہ کرتے تھے،ابو الزناد بیان کرتے ہیں کہ ہم لوگ زہری کے ساتھ علما کے گھروں کا چکر لگاتے۔ زہری کے ساتھ تختیاں اور بیاضیں ہوتی تھیں وہ جو کچھ سنتے جاتے اس کو قلمبند کرتے جاتے ۔[6]

علمی مجلسوں میں وہ سب سے پہلے جاتے اور بلا امتیاز بوڑھوں اوربچوں سب سے استفادہ کرتے تھے،ان مجلسوں سے نکلنے کے بعد وہ مدینہ کی گلیوں کا طواف کرتے اور تمام بچوں اوربوڑھوں اورعورتوں تک سے استفادہ کرتے ،سعد بن ابراہیم کا بیان ہے کہ میں نے اپنے والد سے پوچھا کہ زہری علم میں آپ لوگوں پر کیسے فائق ہو گئے، انھوں نے جواب دیا کہ وہ علمی مجالس میں سب سے پہلے آتے تھے، یہاں سے اٹھ کر وہ انصار کے گھروں پر جاتے اورکوئی جوان نوخیز ادھیڑ عمر مرد اوربوڑھی عورتیں باقی نہ رہتی،جس سے وہ فائدہ نہ حاصل کرتے ہوں،یہاں تک کہ پردہ نشین عورتوں تک کے پاس چلے جاتے۔ [7]

جہاں کسی فاضلہ خاتون کا پتہ چلتا فوراً اس کے پاس پہنچتے ،ان کا خود بیان ہے کہ ایک مرتبہ قاسم بن محمد نے مجھ سے کہا کہ تم میں علم کی بڑی حرص ہے،اس لیے میں تم کو علم کے ظرف کا پتہ بتاتا ہوں،انھوں نے کہا ضرور بتا ئیے،قاسم نے کہا عبد الرحمن کی لڑکی کے پاس جاؤ،انھوں نے ام المومنین عائشہؓ کے آغوش تربیت میں پرورش پائی ہے؛چنانچہ میں ان کے پاس گیا،واقعی وہ علم کا بحر بیکراں تھیں۔ [8]

ہمہ گیری

[ترمیم]

ان کا ذوق ہمہ گیر تھا،کسی خاص علم وفن کی تخصیص نہ تھی؛بلکہ وہ ہر علم یکسان ذوق سے حاصل کرتے تھے اور جو کچھ سنتے تھے سب کچھ لکھ لیتے تھے، ابو الزناد کا بیان ہے کہ ہم لوگ صرف حلال وحرام کے مسائل قلمبند کرتے تھے اورزہری جو کچھ سنتے تھے،سب کچھ لکھ لیتے تھے،جب آگے چل کر ضرورت پڑی تو معلوم ہوا کہ وہ سب سے بڑے عالم ہیں۔ [9]

جامعیت

[ترمیم]

ان کے ذوق کی اس ہمہ گیری کی وجہ سے انھیں جملہ علوم وفنون میں یکساں دستگاہ حاصل تھی،جس فن پر وہ گفتگو کرتے تھے،معلوم ہوتا تھا کہ یہی ان کا خاص فن ہے،لیث کا بیان ہے کہ میں نے زہری سے زیادہ جامع شخصیت نہیں دیکھی،جب وہ ترغیب پر گفتگو کرتے تو معلوم ہوتا کہ وہ اسی کے بڑے عالم ہیں،جب قرآن اورسنت پر بولتے تو معلوم ہوتا یہی ان کا خاص فن ہے [10]معمر کا بیان ہے کہ جن جن فنون میں ان کو درک تھا،ان میں وہ اپنا مثل نہ رکھتے تھے۔ [11]

قرآن

[ترمیم]

قرآن کے وہ بڑے حافظ تھے اور اس کے متعلقات پر ان کی نظر اتنی وسیع تھی کہ کلام اللہ ان کا خاص موضوع معلوم ہوتا تھا،نافع نے جو حضرت عبد اللہ بن عمرؓ جیسے حبر الامۃ کے تربیت یافتہ تھے،ان سے قرآن کا دورہ کیا تھا۔ [12]

حدیث

[ترمیم]

اگرچہ ان کو جملہ فنون میں یکساں کمال حاصل تھا،لیکن ان کا خاص فن حدیث وسنت تھا،اس کا انھیں جتنا ذوق تھا اور جس مشقت سے انھوں نے صدہاخرمنوں سے ایک ایک دانہ چن کر علم کا انبار لگایا تھا،اس کے حالات اوپر گزرچکے ہیں،انھوں نے اس عہد کے تمام ائمہ اوراکابر علما کا علم اپنے دامن میں سمیٹ لیا تھا، ابن مدینی کا بیان ہے کہ حجاز میں ثقات کا سارا علم زہری اورعمرو بن دینار کے درمیان تقسیم تھا،ان کی احادیث کی تعداد دو ہزار دوسو تک پہنچی۔ [13]

سنن رسول اورسنن صحابہ

[ترمیم]

انھیں سنن رسول اورسنن صحابہ کے ساتھ بڑا ذوق تھا اورمدینہ کے جملہ سنن انھوں نے قلمبند کرلیے تھے،صالح بن کیسان کا بیان ہے کہ وہ تحصیل علم میں زہری کے ساتھ تھے،انھوں نے مجھ سے کہا کہ ہم کو سنن لکھ لینا چاہیے؛چنانچہ ہم لوگوں نے رسول اللہ ﷺ کے تمام سنن لکھ لیے،سنن رسول کو قلمبند کرنے کے بعد انھوں نے کہا اب صحابہ کے سنن کو لکھنا چاہیے،لیکن سنن صحابہ ہم لوگوں نے نہیں لکھے اورانہوں نے لکھ لیے اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ کامیاب رہے اور میں نے موقع ضائع کر دیا۔ [14]مدینہ کے سنن رسول اورسنن صحابہ انہی کی ذات سے محفوظ رہے تھے، امام شافعی فرماتے تھے کہ اگر زہری نہ ہوتے تو مدینہ کے سنن ضائع ہوجاتے [15] وہ بالاتفاق اپنے زمانہ کے سنن کے سب سے بڑے عالم تھے عمر بن عبد العزیزؓ فرمایا کرتے تھے کہ اب ابن شہاب سے زیادہ سنت ماضیہ کا جاننے والا کوئی نہیں رہا۔ [16]

علم حاضر

[ترمیم]

انھوں نے حافظہ ایسا پایا تھا کہ جو کچھ حاصل کیا تھا وہ سب محفوظ تھا، وہ خود کہا کرتے تھے کہ میں نے اپنے سینہ میں جو علم ودیعت کیا وہ نہیں بھولا [17]پھر حفظ کا یہ حال تھا کہ ایک مرتبہ سیکڑوں حدیثیں سناجاتے تھے اور جب پھر انھیں دہرانے کی ضرورت ہوتی تھی تو ایک حرف کا بھی تغیر وتبدل نہ ہوتا تھا۔ ایک مرتبہ ہشام بن عبد الملک نے اپنے کسی لڑکے کے واسطے ان سے حدیثیں کہنے کی درخواست کی،انھوں نے چار سو حدیثیں قلمبند کرادیں،ایک مہینہ کے بعد ہشام نے امتحاناً کہا کہ وہ مجموعہ گم ہو گیا،انھوں نے پھر لکھوادیا،بعد میں دونوں مجموعوں میں مقابلہ کیا گیا تو ایک حرف کا فرق نہ تھا [18]علاوہ ان احادیث سنن کے جو ان کے سینہ ہی میں رہ گئیں ان کی مرویات کی تعداد دوہزار سے اوپر ہے [19] غرض حدیث میں ان کا پایہ نہایت بلند تھا، امام نووی لکھتے ہیں کہ ان کے مناقب اورثناء وصفت اوران کے حفظ کے کمالات شمار سے باہر ہیں۔ [20]

مرویات کا پایہ

[ترمیم]

حفظ حدیث میں روایات کی کثرت سے زیادہ ان کی کیفیت اورنوعیت معیار کمال ہے،اس اعتبار سے زہری کی روایات کا جو پایہ تھا اس کا اندازہ ان رائیوں سے ہوگا عمروبن دینار جو خود بہت بڑے محدث تھے فرماتے تھے کہ میں نے زہری سے زیادہ حدیث میں کسی کو انص نہیں دیکھا [21]امام احمد بن حنبل اور اسحٰق بن راہویہ کی رائے ہے کہ زہری کی وہ روایات اصح ہیں جو انھوں نے سالم سے اورسالم نے اپنے والد عبد اللہ بن عمرؓ سے روایت کی ہیں۔ [22]

مروی روایات

[ترمیم]

امام ابو داؤد فرماتے ہیں، زہری سے دو ہزار دو سو حدیثیں مروی ہیں۔ ان میں سے نصف مسند ہیں ۔[23]

شیوخ

[ترمیم]

چونکہ زہری نے ہر خرمن سے خوشہ چینی کی تھی،اس لیے ان کے شیوخ کا دائرہ نہایت وسیع تھا جن میں بہت سی فاضلہ خواتین بھی ہیں،ان کے عہد کے صحابہ اوراکابر تابعین میں کوئی ایسا شخص نہ تھا، جس سے انھوں نے استفادہ نہ کیا ہو،صحابہ میں عبد اللہ بن عمرؓ،عبد اللہ بن جعفر، ربیعہ بن عبادؓ، مسور بن مخزمہؓ،انس بن مالکؓ، سہل بن سعدؓ،سائب بن یزیدؓ،شبیبؓ،ابو جمیلہؓ عبد الرحمن بن ازہرؓ،محمد بن ربیعؓ،عبد اللہ بن ثعلبہؓ،عبد اللہ بن عامرؓ بن ربیعہ،ابو امامہؓ،سعد بن سہل اورابوالطفیلؓ،وغیرہ اکابر تابعین میں سعید بن مسیب،مدینہ کے ساتوں مشہور فقہا ان کے علاوہ تابعین کی ایک بڑی جماعت سے فیض اٹھایا تھا،جن کی فہرست بہت طویل ہے۔

تلامذہ

[ترمیم]

ابن شہاب کی ذات مرجع انام تھی، اس لیے ان کے تلامذہ کی تعداد بھی بے شمار ہے ان میں سے بعض ممتاز تلامذہ حدیث کے نام یہ ہیں عطاء بن ابی رباح ،عمر بن عبد العزیز ،عمروبن دینار، صالح بن کیسان،یحییٰ بن سعید انصاری،ایوب سختیانی ،عبد اللہ بن مسلم زہری امام اوزاعی،ابن جریج،محمد بن علی بن حسین، محمد بن منکدر،منصور بن معتمر،موسیٰ بن عقبہ ،ہشام بن عروہ،امام مالک،معمر الزبیدی، ابن ابی ذیب لیث، اسحٰق بن یحییٰ کلبی اوربکربن وائل وغیرہ۔ [24]

فقہ

[ترمیم]

فقہ میں بھی بہت بلند پایہ رکھتے تھے،مدینہ کے ساتوں مشہور فقہا کا علم ان کے سینہ میں محفوظ تھا [25] ان کے علاوہ اس عہد کے تمام اکابر فقہا کے علم کے وہ وارث تھے جعفر بن ربیعہ کا بیان ہے کہ میں نے عراک بن مالک سے پوچھا کہ مدینہ میں سب سے بڑا فقیہ کون ہے انھوں نے کہا سعید بن مسیب عروہ اورعبداللہ بن عبد اللہ،یہ نام گنا نے کے بعد کہا میرے نزدیک زہری ان سب سے بڑے عالم تھے،اس لیے کہ انھوں نے ان سب کا علم اپنے علم میں شامل کر لیا تھا۔ [26]

فتاوی

[ترمیم]

اس فقہی کمال کی وجہ سے وہ مدینہ کی مجلس افتا کے مسند نشین تھے ،ان کے فتاوی کے تعداد اتنی زیادہ تھی کہ محمد بن نوح نے فقہی ترتیب سے اُن کو تین ضخیم جلدوں میں جمع کیا تھا۔ [27]

مغازی

[ترمیم]

مغازی کے وہ امام تھے،ان سے پہلے کسی نے مغازی کی طرف توجہ نہ کی تھی، تاریخ اسلام میں وہ پہلے شخص ہیں جنھوں نے مغازی پر مستقل کتاب لکھی،امام سہیلی کے بیان کے مطابق یہ اس فن کی سب سے پہلی کتاب تھی،ان کی ذات سے مغازی اورسیرت کا عام مذاق پیدا ہو گیا،ان کے تلامذہ میں یعقوب بن ابراہیم،محمد بن صالح ،عبد الرحمن بن عبد العزیز موسیٰ بن عقبہ اورمحمد بن اسحٰق نے اس فن میں بڑا کمال پیدا کیا ،خصوصاً آخر الذکر دونوں تلامذہ نے بڑی شہرت اورناموری حاصل کی۔

علما میں مقام

[ترمیم]

زہری کا علمی مرتبہ اس عہد کے تمام علما اوراربابِ کمال میں مسلم تھا، ایوب سختیانی کہتے تھے کہ میں نے زہری سے بڑا عالم نہیں دیکھا،کسی نے پوچھا حسن بصری کو بھی نہیں،انھوں نے پھر وہی جواب دیا کہ میں نے زہری سے بڑا کسی کو بھی نہیں پایا [28]مکحول جنھوں نے تحصیل علم کے سلسلہ میں ساری دنیا چھان ماری تھی اور دنیائے اسلام کے تمام بڑے بڑے علما سے ملے تھے، کسی نے پوچھا تم سب سے بڑے کس عالم سے ملے،انھوں نے جواب دیا ابن شہاب سے،امام مالک فرماتے تھے کہ دنیا میں زہری کا کوئی مثل نہ تھا۔ [29]

اشاعتِ علم

[ترمیم]

خدا نے زہری کو جس فیاضی کے ساتھ علم کی دولت عطا کی تھی، اسی فیاضی کے ساتھ انھوں نے اس کو تقسیم کیا اوراس کی اشاعت میں سعی بلیغ کی،فرمایا کرتے تھے نہ کسی نے تحصیل علم میں میری جیسی مشقت اٹھائی اورنہ اس کی اشاعت میں،ان کے تلامذہ کی فہرست سے ان کے علمی خدمات کا کسی قدر اندازہ ہوتا ہے۔

علمی انہماک

[ترمیم]

ان کی پوری زندگی علم میں ڈوبی ہوئی تھی اس کے سوا ان کا کوئی مشغلہ نہ تھا،علمی انہماک میں وہ دنیا ومافیہا حتی کہ بیوی تک سے بے خبر ہوجاتے تھے،جب گھر آتے تھے تو کتابوں کے ڈھیرمیں گم ہوجاتے تھے، ان کی بیوی نے ایک دن تنگ آکر کہا،خدا کی قسم یہ کتابیں میرے لیے تین سوتنوں سے زیادہ تکلیف دہ ہیں۔

عہدۂ قضاء اورخلفاء سے تعلقات

[ترمیم]

عبد الملک، عمر بن عبد العزیز اورہشام وغیرہ جو چھ خلفاء زہری کے زمانہ میں تھے، ان سب سے ان کے گہرے تعلقات تھے،اس کا آغاز عبد الملک سے ہوا،عبد الملک خود بڑاصاحبِ علم اورجوہر شناس تھا، اگر وہ خلیفہ ہوکر برباد نہ ہو گیا ہوتا تو عہد تابعین کا نہایت جلیل القدر عالم ہوتا، امام شعبی اس کے علمی کمالات کے اتنے معترف تھے کہ فرماتے تھے، میں جن لوگوں سے ملا عبد الملک کے سوا اپنے کو سب سے افضل پایا،عبد الملک کے سامنے جب میں کوئی حدیث بیان کرتایا شعر پڑھتا،تو وہ اس میں اوراضافہ کردیتا۔ [30]

زہری سب سے اول 80 ھ میں عبد الملک کے پاس دمشق گئے وہ ان کے علمی کمالات سے بہت متاثر ہوا، زہری مقروض تھے،ان کا کل قرض ادا کر دیا،قرض کی ادائیگی کے علاوہ اوربھی سلوک کیے اورانہیں دمشق کے عہدۂ قضاء پر ممتاز کیا [31] اس تعلق سے زہری کا دمشق میں مستقل قیام ہو گیا تھا اوروہ عبد الملک ہی کے ساتھ رہتے تھے،اموی خلفاء میں عبد الملک کے بعد عمر بن عبد العزیز بڑے صاحب علم اور جوہرشناس تھے،وہ زہری کو بہت مانتے تھے؛بلکہ ان کے ساتھ عقیدت رکھتے تھے،اوپر زہری کے بارہ میں ان کے بعض اقوال گزرچکے ہیں،انھوں نے تمام ممالک محروسہ میں اعلان کروایاتھاکہ سب لوگ ابن شہاب کی اقتدا کیا کریں کہ ان سے زیادہ سنت ماضیہ کا جاننے والا کوئی نہیں مل سکتا۔ [32]

عبد الملک کی وفات کے بعد زہری اس کے لڑکے ہشام کے ساتھ رہنے لگے تھے[33] پھر ہشام کے لڑکے کے اتالیق ہو گئے تھے،ہشام پر بھی ان کا بڑا اثر تھا اور وہ انھیں بہت مانتا تھا، اس نے ہزاروں روپیہ کا ان کا قرض ادا کیا،ہشام کے ساتھ ان کی درباری گفتگو اورحاضر جوابی کے بعض دلچسپ واقعات تاریخوں میں مذکور ہیں،ایک دن یہ اورابو الزناد ہشام کے دربار میں تھے،ہشام نے ان سے سوال کیا کہ اہل مدینہ کے وظیفے کس مہینہ میں تقسیم ہواکرتے تھے،زہری نے لا علمی ظاہر کی،اس نے ابوالزناد سے پوچھا،انھوں نے بتایا محرم میں یہ جواب سُن کر ہشام نے زہری سے کہا کہ ابوبکر! یہ علم تم کو آج حاصل ہوا،زہری نے برجستہ جواب دیا امیرا لمومنین کی مجلس ایسی ہی ہے کہ اس سے علمی استفادہ کیا جائے۔ [34]

وفات

[ترمیم]

ابن حجر فرماتے ہیں کہ انکا طبقہ چوتھا طبقہ کہلاتا ہے۔ بعض کے نزدیک یہ رمضان 123ھ میں فوت ہوئے اور بعض کے نزدیک 124ھ میں ۔[35]

فیاضی

[ترمیم]

فیاضی اورسیر چشمی زہری کا نمایاں وصف تھا،وہ دولت کی کوئی حقیقت نہ سمجھتے تھے،عمروبن دینار کا بیان ہے کہ میں نے درہم و دینار کو زہری کی نگاہ سے زیادہ کسی کی نگاہ میں بے وقعت نہیں دیکھا، وہ اس کو اونٹ کی مینگنی سے زیادہ سمجھتے تھے،اسی کا نتیجہ تھا کہ بے دریغ روپیہ لٹاتے تھے اور بار بار مقروض ہوجاتے تھے،عبد الملک اورہشام نے بارہا ان کا قرض ادا کیا،لیکن ان کی بخششوں نے ان کو ہمیشہ مقروض رکھا، ولید بن محمد موقری کا بیان ہے کہ میں نے ایک مرتبہ زہری سے کہا کہ ابوبکر تم میں صرف ایک عیب قرض لینے کا ہے،جواب دیا مجھ پر قرض ہی کیا ہے،کل چالیس ہزار دینار کا قرض ہے میرے پاس چار غلام ہیں جن میں سے ایک چالیس ہزار سے زیادہ بہتر ہے اور صرف ایک پوتا میرا وارث ہے میری تو تمنا یہ ہے کہ کسی کو میری وراثت نہ ملتی۔

حلیہ

[ترمیم]

قد پستہ تھا،سر پر کاکلین تھیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. تہذیب التہذیب۔ ابن حجر عسقلانی جلد صفحہ
  2. تذکرۃ الحفاظ ج 1صفحہ103مترجم
  3. (ابن خلکان:1/451)
  4. تذکرۃ الحفاظ جلد 1صفحہ105
  5. (ایضاً:98)
  6. تذکرۃ الحفاظ جلد 1صفحہ106
  7. (تہذیب التہذیب:9/449)
  8. (تذکرۃ الحفاظ:1/99)
  9. (تذکرۃ الحفاظ:1/96)
  10. (تذکرۃ الحفاظ:1/96)
  11. (تہذیب التہذیب:9/449)
  12. (تذکرۃ الحفاظ:1/99)
  13. (تہذیب :9/447)
  14. (ایضاً:448)
  15. (تہذیب الاسماء:1/91)
  16. (تذکرۃ الحفاظ:1/97)
  17. (تہذیب :9/448)
  18. (تذکرہ الحفاظ:1/97)
  19. (ایضاً:96)
  20. (تہذیب الاسماء،ج اول،ق 1،ص:191)
  21. (تہذیب التہذیب:9/48)
  22. (تہذیب الاسماء:1/91)
  23. تذکرۃ الحفاظ جلد1صفحہ107
  24. (تہذیب التہذیب:9/446،وتہذیب الاسماء،ج1 ،ق 1،ص791)
  25. (ابن خلکان :1/451)
  26. (تہذیب التہذیب:9/448)
  27. (علام الموقعین:1/66)
  28. (تہذیب الاسماء:1/91)
  29. (تہذیب الاسماء:1/92)
  30. (تذکرۃ الحفاظ:1/97)
  31. (ابن حلکان:1/452)
  32. (ابن خلکان:1/451)
  33. (ایضاً:451)
  34. (تذکرۃ الحفاظ:1/99)
  35. =تہذیب التہذیب ابن حجر جلد 2صفحہ205=