مندرجات کا رخ کریں

مختار نامہ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
The printable version is no longer supported and may have rendering errors. Please update your browser bookmarks and please use the default browser print function instead.

مختار نامہ، پاور آف اٹارنی یا لیٹر آف اٹارنی (انگریزی: Power of attorney) ایک تحریری دستاویز ہے جس میں ایک شخص دوسرے شخص کو کسی نجی کام، کاروبار یا کسی قانونی کام کے لیے اپنی نمائندگی کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ نمائندہ بنانے والا شخص مختار کنندہ اور جسے یہ قانونی اختیار دیا جاتا ہے وہ مختار کہلاتا ہے۔ اختیار دینے والا اپنے مختار کے فوجداری جرم کا ذمہ دار نہیں ہوتا۔ نیز اگر مختار نامہ میں دیے گئے امور کو انجام دیتے ہوئے کسی تیسرے فریق کو نقصان ہو جائے تو اس مختار کنندہ اس کا ذمہ دار ہوگا۔ مختار نامے کی دو قسمیں ہوتی ہیں، مختار نامہ عام اور مختار نامہ خاص۔

مختار نامہ عام

مختار نامہ عام وہ دستاویز ہے جس کی مدد سے مختار اختیار دینے والے کی طرف سے ایک سے زیادہ کام سر انجام دے سکتا ہے اور ایسی صورت میں مختار کا ہر عمل مختار کنندہ پر نافذ ہوگا۔ مختار نامہ عام کی بنیاد پر مختار ہر جگہ نمائندگی کر سکتا ہے۔ مختار نامہ عام لکھوانے کے لیے اسٹام پیپر اور نوٹری ٹکٹ لگانا ضروری ہوتا ہے۔

مختار نامہ خاص

مختار نامہ خاص کی مدد سے مختار صرف اسی کو سر انجام دے سکتا ہے جس کا مختار نامہ میں ذکر ہو۔ مثلاً اگر مختار نامہ عدالت میں کسی زیر سماعت مقدمہ کی پیروی کے لیے ہو تو اسے مختار نامہ خاص کہیں گے۔ اس کے لیے بھی اسٹام پیپر اور نوٹری کا ٹکٹ ضروری ہے۔

میعاد

جس مقصد کے لیے مختار نامہ جاری کیا گیا ہو اس کے مکمل ہونے پر مختار نامہ کی میعاد ختم ہو جاتی ہے۔ اگر مختار نامہ ایک سے زائد افراد کے نام پر ہو تو کسی ایک فرد کی وفات ہو جانے کے بعد دوسرا اسے استعمال نہیں کر سکتا۔ علاوہ ازیں مختار نامہ عام و خاص دونوں کو اختیار دینے والا جب چاہے منسوخ کر سکتا ہے۔ منسوخ کرنے کے لیے اسے رجسٹرار کے پاس مختار نامہ کی منسوخی درج کرائی جاتی ہے اور ساتھ ہی اخبار میں منسوخی کا اشتہار بھی دیا جاتا ہے۔ اگر اختیار کنندہ کی وفات ہو جائے تو مختار نامہ منسوخ ہو جاتا ہے۔

حوالہ جات